پاکستان، ملائیشیا کا چاول برآمدات بڑھانے پر اتفاق
حلال سرٹیفکیشن کے معیارات، غذائی تحفظ میں تعاون مضبوط بنانے کا عزم
کوالالمپور (این این آئی)پاکستان اور ملائیشیا نے چاول کی برآمدات، حلال سرٹیفکیشن کے معیارات اور غذائی تحفظ کے فروغ پر اتفاق کیا ہے ۔کوالالمپور میں اعلیٰ سطح ملاقاتوں کے سلسلے کے دوران وفاقی سیکریٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق عامر علی احمد اور وفاقی سیکریٹری تجارت جواد پال نے پاکستان کے ملائیشیا میں ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ کے ہمراہ برناس کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر داتو ڈاکٹر سراج الدین بن سوہیمی، جاکم کے ڈائریکٹر جنرل اور ملائیشیا کی وزارتِ زراعت و غذائی تحفظ کے سیکریٹری جنرل داتوک سری عشام بن عشاق سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں چاول کی برآمدات، حلال سرٹیفکیشن کے معیارات اور غذائی تحفظ کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
+ایک ملاقات میں وفاقی سیکریٹری عامر علی احمد اور وفاقی سیکریٹری تجارت جواد پال نے ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ، پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر سید مرتضی حسن اندرابی، محکمہ تحفظِ نباتات کے ڈائریکٹر جنرل یاسین مرتضی، رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے نمائندگان اور پاکستان ہائی کمیشن کے حکام کے ہمراہ کوالالمپور میں برناس کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر اور انتظامیہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان سے ملائیشیا کو چاول کی برآمدات میں اضافے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مذاکرات میں ملائیشیا کو پاکستانی چاول کی برآمدات بڑھانے کے ساتھ ساتھ برناس کے معیار اور تقاضوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ملاقات میں ملائیشیا انٹرنیشنل حلال شوکیس میں پاکستان کی بھرپور شرکت کا بھی اعادہ کیا گیا اور دوطرفہ تجارت کے فروغ، مارکیٹ روابط کو مضبوط بنانے اور خطے میں غذائی تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments