سیال پیرس ،ملکی غذائی مصنوعات کی عالمی سطح پر پذیرائی

سیال پیرس ،ملکی غذائی مصنوعات کی عالمی سطح پر پذیرائی

ٹڈاپ کے زیر اہتمام 37 پاکستانی کمپنیاں شریک، باسمتی چاول توجہ کا مرکز

پیرس(بزنس ڈیسک)پاکستان نے دنیا کی نمایاں بین الاقوامی غذائی نمائشوں میں شمار ہونے والی سِیال پیرس 2026ء کے افتتاحی روز نمایاں تاثر قائم کیا۔ نمائش 21 اکتوبر 2026ء تک پیرس میں جاری ہے ۔ فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستان پویلین کا افتتاح کیا اور عالمی منڈیوں میں معیاری غذائی و زرعی مصنوعات کے مسابقتی فراہم کنندہ کے طور پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ٹڈاپ کے زیرِ اہتمام مجموعی طور پر 37 پاکستانی کمپنیاں اس نمائش میں شرکت کر رہی ہیں جو چاول، پراسیسڈ فوڈز، ہمالیائی گلابی نمک، مشروبات اور دیگر غذائی مصنوعات کی متنوع اقسام پیش کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹڈاپ نے نمائش میں آزادانہ طور پر شرکت کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کیلئے ویزا انتظامات میں بھی سہولت فراہم کی۔پاکستانی وفد میں چاول برآمد کرنے والی کمپنیوں کو نمایاں حیثیت حاصل ہے ، جہاں شریک 37 کمپنیوں میں سے 22 کا تعلق چاول کے شعبے سے ہے ۔ افتتاحی روز پاکستانی چاول سے تیار کردہ بریانی شرکاء کی توجہ کا مرکز رہی۔ اس کے ذریعے پاکستان کی بھرپور ثقافتی و غذائی روایات، منفرد ذائقوں اور اعلیٰ معیار کے چاول کو اجاگر کیا گیا۔

اس پیشکش نے غیر ملکی مہمانوں کو پاکستانی چاول کی مختلف پکوانوں میں استعمال کی صلاحیت اور بین الاقوامی کھانوں کیلئے اس کی موزونیت سے آگاہ ہونے کا موقع فراہم کیا ۔ نمائش کے پہلے روز موصول ہونے والے ابتدائی ردعمل کے مطابق یورپی خریداروں نے پاکستانی مصنوعات، خصوصاً باسمتی چاول، میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی ہے ۔ برآمد کنندگان کے مطابق خریداروں کی جانب سے مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے اور آرڈرز کے حصول کے امکانات بھی حوصلہ افزا ہیں۔ یہ صورتحال یورپی منڈیوں تک پاکستانی مصنوعات کی رسائی میں اضافے اور درآمد کنندگان و تقسیم کاروں کے ساتھ مضبوط تجارتی روابط استوار کرنے کے روشن امکانات کی نشاندہی کرتی ہے ۔ رواں سیزن چاول کی تقریباً 61 لاکھ ٹن کی ریکارڈ پیداوار کی اطلاعات نے بھی ان مثبت امکانات کو تقویت دی ہے ۔ اس تناظر میں برآمد کنندگان توقع کر رہے ہیں کہ باسمتی چاول کی برآمدات تقریباً 11 لاکھ ٹن تک پہنچ سکتی ہیں جو آخری مرتبہ 2011-12ء کے سیزن میں حاصل کی گئی تھیں۔ یہ امکانات پاکستان کی عالمی چاول تجارت میں پوزیشن مزید مستحکم کرنے کے لیے مسلسل برآمدی فروغ، معیار کی ضمانت اور نئی منڈیوں میں رسائی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...