صنعتکاروں کا انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج کی معطلی کا مطالبہ
پیکیج عام بجلی صارفین پر اربوں روپے کا اضافی مالی بوجھ ہے ،عبد الہادی
کراچی(بزنس ڈیسک)سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر عبدالہادی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے بجلی کے اضافی استعمال کے پیکیج(انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج) کی فوری معطلی کا مطالبہ کیا اور نظرثانی شدہ نرخ 25.30 روپے فی یونٹ کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیکیج عام بجلی صارفین پر اربوں روپے کا اضافی مالی بوجھ ہے، لہٰذا اس کے نتیجے میں ہونے والے تمام نقصانات صرف پیکیج سے فائدہ اٹھانے والے صارفین سے وصول کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔سائٹ کے صدر عبدالہادی نے نیپرا کو ارسال کردہ تحریری اعتراضات میں یہ مؤقف اختیار کیا کہ پیکیج کے پہلے ششماہی جائزے میں چار ماہ کی تاخیر نے عام صارفین کو بھاری مالی نقصان پہنچایا۔ جون 2026ء میں ہونے والا جائزہ اکتوبر میں لیا گیا جبکہ اپریل اور مئی 2026ء کے دوران اضافی بجلی کی لاگت اور مقررہ نرخوں کے درمیان فرق کے باعث بالترتیب تقریباً 13 ارب 60 کروڑ اور 9 ارب 40 کروڑ کا مالی بوجھ تمام صارفین نے برداشت کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments