یوتھ بزنس اسکیم کے تحت قرض کی حد ڈھائی کروڑ مقرر
طویل مدتی قرضوں کی واپسی کی مدت آٹھ سال تک ہوگی ،اسٹیٹ بینک
کراچی(بزنس رپورٹر)وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت کاروباری افراد اور زرعی شعبے سے وابستہ افراد کیلئے قرض کی زیادہ سے زیادہ حد میں نمایاں اضافہ کردیا گیا، قرض کی حد 75 لاکھ روپے سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے مقرر کردی گئی ۔ اسٹیٹ بینک نے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم میں ترمیم سے متعلق سرکلر جاری کردیاجو تمام کمرشل بینکوں اور مائیکرو فنانس بینکوں کو ارسال کیا گیا ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق اسکیم کے تحت طویل مدتی قرضوں کی واپسی کی زیادہ سے زیادہ مدت آٹھ سال تک ہوگی جبکہ قرض حاصل کرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ ایک سال کا گریس پیریڈ بھی فراہم کیا جاسکے گا۔اس مدت کے دوران قرض کی ادائیگی کے لیے سہولت دستیاب ہوگی جس سے کاروباری اور زرعی سرگرمیوں کے آغاز اور توسیع میں مدد ملنے کی توقع ہے ۔ مرکزی بینک نے بینکوں کو خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ سرکلر کے مطابق وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم میں خواتین کے لیے قرضوں کا کوٹہ کم از کم 30 فیصد تک بڑھانے کی کوششیں کی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments