ایران کا آبنائے ہرمز کی بندش برقرار رکھنے، امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے کا اعلان
تہران: (دنیا نیوز) ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے امریکی بحری ناکہ بندی مزید برداشت نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر محمد مخبر کے مطابق آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی اور نہ ہی امریکی ناکہ بندی جاری رہنے دی جائے گی۔
ان کا یہ بیان امریکی بحریہ کی جانب سے حال ہی میں ایران سے روانہ ہونے کی کوشش کرنے والے ایک بحری جہاز کو روکنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق موسم بہار سے جاری آبنائے ہرمز کا تنازع معمول کی بحری آمدورفت اور تیل کی ترسیل کو بڑی حد تک روک چکا ہے۔
ایرانی فوج کے سربراہ نے بھی رواں ہفتے آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بحری آمدورفت پر روز بروز مزید پابندیاں عائد کرنے کا حکم دیا تھا، جب تک مذاکرات میں ایران کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے۔
ایران کا مطالبہ ہے کہ بحری راستہ دوبارہ کھولنے پر غور سے پہلے امریکا ناکہ بندی ختم کرے اور تیل پر عائد پابندیوں میں نرمی کرے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments