مکہ دفاعی معاہدے کی سٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اجلاس، فریقین کا مشترکہ مفادات، علاقائی استحکام کیلئے تعاون کا اعادہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) مکہ دفاعی معاہدے کی سٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے حکام نے شرکت کی، اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے تینوں ممالک کے عزم کا اعادہ کیا۔
فریقین نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے اصولوں اور مقاصد کے حصول کے عزم کا بھی اعادہ کیا، شرکا نے اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ہر فریق کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے احترام کے عزم کا اظہار کیا۔
.jpg)
کمیٹی نے 31 اگست 2026 کو استنبول میں ہونے والے افتتاحی اجلاس اور 5 اکتوبر 2026 کو ریاض میں منعقدہ ہنگامی اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ان فیصلوں کو ادارہ جاتی شکل دینے اور قومی قوانین کے مطابق اجتماعی دفاعی وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے سعودی عرب میں سیکرٹریٹ کے قیام اور اسے فعال بنانے کی جانب پیش رفت کو سراہا اور اتحاد کے ادارہ جاتی امور اور مؤثر رابطہ کاری میں سیکرٹریٹ کی اہمیت پر زور دیا۔
.jpg)
کمیٹی نے سعودی عرب میں شہریوں اور سول ڈھانچے پر حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کی۔ اجلاس میں معاہدے میں شامل اجتماعی دفاع کی دفعات کے مطابق سلامتی کے تحفظ اور معاونت کے لیے کوششیں مزید تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
مشترکہ اعلامیے میں دفاعی صنعتوں، مشترکہ تکنیکی ترقی، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا تاکہ مشترکہ سکیورٹی خدشات سے نمٹنے اور خطے میں امن و سلامتی کے فروغ میں کردار ادا کیا جا سکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments