فیصل آباد میں صبح وشام کے وقت سموگ کے ڈیرے

 فیصل آباد میں صبح وشام کے وقت سموگ کے ڈیرے

ایئر کوالٹی انڈیکس 450تک ، حدنگاہ متاثر،شہریوں کو مشکلات کاسامنا

فیصل آباد(نیوزرپورٹر)ایئر کوالٹی انڈیکس 450تک رہنے سے سموگ کے بادل چھائے رہے صبح اور شام کے وقت سموگ کے ڈیرے ، حد نگاہ متاثرہو کر شہریوں کو مشکلات پیش آئیں،ہسپتالوں میں سانس کے امراض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ، شہر اور گرد و نواح آج کل شدید سموگ کی لپیٹ میں ہے ،تفصیلات کے مطابق فیصل آباد آلودہ ترین شہر ہو گیا ، محکمہ ماحولیات سموگ کو کنٹرول کرنے میں کارروائیاں سست روی سے کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ بڑھتی ہوئی آلودگی سے شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس بری طرح متاثر ہوا ہے ، صنعتی شہر میں فیکٹریوں کی چمنیوں سے دھواں کنٹرول کرنے کے دعویٰ صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہیں تاہم چند فیکٹریوں کو محکمہ ماحولیات نے نوٹسز جاری کئے ہیں جبکہ باقی فیکٹریوں میں محکمہ ماحولیات عملہ وزٹ کرنے کے بعد بغیر کارروائی کئے واپس لوٹ آتا ہے ، روز بروز بڑھتی سموگ سے سانس کی بیماریوں میں مبتلا مریض پریشان ہیں ماہرین کا کہنا ہے کہ سموگ پر قابو نہ پایا گیا تو یہ سانس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو جائیگا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں