جھنگ :بستی کل والی میں سیوریج سسٹم ناکارہ ،مکین بے حال

جھنگ :بستی کل والی میں سیوریج سسٹم ناکارہ ،مکین بے حال

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )گورنمنٹ ڈگری کالج روڈ پر واقع بستی کل والی میں سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے پر کئی روز سے گلیوں میں نالیوں اور گٹروں کا گنداپانی جمع ، اہل علاقہ گندے اور غلیظ پانی سے گزرنے پر مجبور ،ٹی ایم اے کا عملہ صفائی خاموش تماشائی بن گیا۔

 تفصیلات کے مطابقگورنمنٹ ڈگری کالج روڈ پر واقعہ بستی کل والی میں سیوریج سسٹم عرصہ دراز سے خراب پڑا ہے جبکہ ہر گلی میں کوڑا کرکٹ اور گندگی کے ڈھیر بھی عملہ صفائی کی کارکردگی کو ظاہر کرتے ہیں، محلہ فلتھ ڈپو بن چکا جہاں ہر وقت بد بو اور تعفن سے مکینوں کا جینا محال ہو چکااوراہل علاقہ کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ،لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے جبکہ ضرورت کے پیش نظر اہل علاقہ مجبوراً اسی گندے اور غلیظ پانی سے گزر نے پر مجبور ہیں۔دوسری طرف علاقہ میں بچوں کے کھیلنے کیلئے گراؤنڈز کے فقدان کی وجہ سے مقامی بچے گلی میں کھڑے گندے پانی میں ہی کھیلتے رہتے ہیں جس سے بچوں میں جلدی بیماریوں سمیت موذی امراض پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ۔بستی کل والی کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ہم نے ٹی ایم اے کو گئی بار درخواستیں دی ہیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، ڈی سی جھنگ سے پر زور اپیل ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور تدارک کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں