ریڑھی بانوں کا سڑکوں پر قبضہ،تجاوزات،ٹریفک درہم برہم،میونسپل کارپوریشن مسائل کے حل میں ناکام

ریڑھی بانوں کا سڑکوں پر قبضہ،تجاوزات،ٹریفک درہم برہم،میونسپل کارپوریشن مسائل کے حل میں ناکام

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کا ستھرا پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔2سال قبل ہفتہ وار بازار کی بندش کے باعث شہر کی مرکزی شاہراہیں بازاروں میں تبدیل ہوگئیں۔

 ریڑھی بانوں نے سڑکوں پر قبضہ کر لیا ، تجاوزات نے ٹریفک نظام درہم برہم کردیا۔ میونسپل کارپوریشن مسائل حل کرنے میں ناکام ۔ 2022 میں بلدیاتی نمائندوں کی جانب سے ہفتہ وار بازاروں کی مد میں وصول فیس میں گھپلوں کے بعد کمشنر آفس کی جانب سے احکامات جاری کیے گئے جس میں تمام تر بازاروں کو بند کروا دیا گیا جبکہ اس کے بعد مختلف علاقوں میں لگنے والے بازاروں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے نہ صرف ختم کروایا جاتا رہا بلکہ دکانداروں کا سامان ضبط کرکے بھاری جرمانے بھی کیے گئے ۔ انتظامیہ کی جانب سے سستے بازار ختم کروانے کے بعد متبادل کے طور پر کوئی حکمت عملی وضع نہ کی گئی جس کے باعث شہر کا حلیہ بگڑ گیا ۔ پھل اور سبزی فروشوں کی جانب سے شہر کی اہم اور انتہائی مصروف شاہرات پر ریڑھیاں لگا کر ٹریفک کا نظام درہم برہم کیا جا رہا ہے ۔ غربی کینال روڈ، سمندری روڈ پر ناولٹی پل، کوریاں والا پل اور ڈی ٹائپ کالونی روڈ، جڑانوالہ روڈ پر جلوی مارکیٹ، جھنگ روڈ، شیخوپورہ روڈ اور سرگودھا روڈ کے مختلف مقامات پر پھلوں اور سبزیوں کے ٹھیلوں کے بھرمار ہے ۔ چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو کے مطابق یکم مارچ سے اب تک 2 ہزار 762 عارضی، 2 ہزار 440 پختہ تجاوزات ختم کروا کر 11 لاکھ جرمانے کئے جا چکے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں