وائلڈ لائف بریڈنگ سنٹر گٹ والہ نتائج دینے میں ناکام

وائلڈ لائف بریڈنگ سنٹر گٹ والہ نتائج دینے میں ناکام

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وائلڈ لائف بریڈنگ سنٹر گٹ والہ کے پاس وافر اراضی ہونے کے باوجود سالہا سال سے بریڈنگ کے لیے جانوروں کی نئی نسلیں نہ لائی جاسکی ،سنٹر میں چند ایک مخصوص نسلوں کے جانوروں کی ہی بریڈنگ کروائی جارہی ہے ۔۔

بریڈنگ سنٹر کو چڑیا گھر کا درجہ دینے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں گٹ والا پارک کے قریب وائلڈ لائف کا ایک قدیم بریڈنگ سنٹر ہے جو 80 کی دہائی میں بنایا گیا، بریڈنگ سنٹر کو خطرے سے دوچار جنگلی جانوروں اور پرندوں کی افزائش نسل کے لیے بنایا گیا تھا لیکن اس سنٹر کے قیام کے بعد اس پر کوئی خاص توجہ نہ دی جاسکی آج بھی بریڈنگ سنٹر میں جنگلی بھیڑ،نیل گائے اور ہرنوں کی چند اقسام کی بریڈنگ ہی کروائی جارہی ہے ،پرندوں کی بریڈنگ کے نام پر صرف مور اور فیزنٹ کی بریڈنگ ہورہی ہے جبکہ سنٹر کو مگر مچھوں کی بریڈنگ میں دہائیاں گزر جانے کے باوجود کامیابی نہیں مل سکی ، یہاں بریڈنگ کے لیے جانوروں کی نئی نسلیں نہیں لائی جاسکیں، اس سنٹر کو چڑیا گھر کا درجہ دے کر نئے جانور لانے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی مگر عملدرآمد نہ ہوسکا وائلڈ لائف بریڈنگ سنٹر وسیع و عریض رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور یہاں جگہ کی کوئی کمی نہیں ، اگر پنجاب حکومت اور وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ توجہ د ے تو اس سنٹر میں درجنوں اقسام کے جانوروں اور پرندوں کی کامیاب بریڈنگ ہوسکتی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں