واسا ،پی ایچ اے،کارپوریشن کی ناقص کارکردگی:کمشنر کی طرف سے سب اچھا کی رپورٹ
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر)کمشنر اپنی کارکردگی اور گرفت بہتر ثابت کرنے کے لیے اداروں کی ناقص کارکردگی کی پردہ پوشی کرنے لگیں شہریوں کی شکایات کے باوجود چیف سیکرٹری کو سب اچھا کی رپورٹ دے دی گئی۔
شہری واسا،پی ایچ اے ،ایف ڈبلیو ایم سی اور میونسپل کارپوریشن کی ناقص کارکردگی سے پریشان ہوچکے ہیں کمشنر کی جانب سے لگائی گئی کھلی کچہری میں شہریوں نے شکایات کے ڈھیر لگادئیے مگر کمشنر نے ویڈیو لنک میں چیف سیکرٹری کو اداروں کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا تمام ادارے متحرک ہیں ،فیصل آباد میں واسا،فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،میونسپل کارپوریشن اور پی ایچ اے کی ناقص کارکردگی کے باعث شہری ان اداروں سے تنگ آچکے ہیں یہ تمام ادارے کام کرنے کی بجائے ٹال مٹول سے کام لیتے ہیں ان اداروں کی کارکردگی صرف کاغذی فائلوں اور اعلی افسروں کو بھجوائی جانے والی رپورٹس میں ہی نظر آتی ہے واسا کی ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں دہائیوں سے سیوریج مسائل کا خاتمہ نہیں ہوسکا آئے روز شہری واسا کے خلاف احتجاج کرتے ہیں سب سے زیادہ احتجاج جھنگ روڈ سے ملحقہ علاقوں میں ہوتے ہیں جہاں شہریوں نے سیوریج کے گندے پانی میں کھڑے ہوکر سیوریج مسائل کی علامتی سالگرہ کے طور پر کیک بھی کاٹا لیکن واسا افسروں کو احساس تک نہ ہوا فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ایف ڈبلیو ایم سی کی گاڑیاں سڑکوں پر کوڑا پھیلاتی ہوئی جاتی ہیں گاڑیوں کی ونڈ سکرین،سائیڈ ویو مرر،بیک لائٹیں اور نمبر پلیٹس بھی موجود نہیں ہوتیں کوڑے والے کنٹینرز ٹوٹے ہوئے ہیں ملازمین کو کئی کئی ماہ تک تنخواہیں نہیں ملتی پی ایچ اے کی غفلت کے باعث پارکس اور گرین بیلٹس کچرا کنڈیوں کی شکل اختیار کرچکے ہیں لائٹیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں گھاس اور پودے کانٹ چھانٹ نہ ہونے سے جنگلی جھاڑیوں کی شکل اختیار کرچکے ہیں میونسپل کارپوریشن کی ناقص کارکردگی کے باعث شہر میں جگہ جگہ غیر قانونی بازار لگ رہے ہیں جس سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے تجاوزات کی بھرمار ہے لیکن یہ تمام مسائل کمشنر کی نظروں سے اوجھل ہیں چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے ویڈیو لنک کانفرنس کی جس میں حقیقت کے برعکس کمشنر سلوت سعید نے چیف سیکرٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی تمام متعلقہ اداروں کی تیاریاں مکمل ہیں عوام کے روزمرہ مسائل کے حل کے لئے تمام ادارے متحرک ہیں کمشنر سلوت سعید سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے کوئی موقف نہ دیا۔