جڑانوالہ :ایس پی ٹاؤن ضیاء الحق کی مہتاب مسجد میں کھلی کچہری
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )آرپی او،سی پی او فیصل آباد کی ہدایت پر ایس پی ٹاؤن محمد ضیاء الحق نے سکیورٹی انچارج حاجی رانا انصر کے ہمراہ مہتاب مسجد میں کھلی کچہری لگائی اور شہریوں کی شکایات سنیں اور انکو فوری حل کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔
اس موقع پر ایس پی محمد ضیاء الحق نے کھلی کچہری سے خطاب میں کہا کہ علمائے کرام اور عوام الناس کے تعاون سے امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جڑانوالہ کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ہر فرد کو ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے ، پولیس عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہے ، جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی اور عوام کو جلد انصاف کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ ایس پی ٹا ؤن محمد ضیاء الحق نے مزید کہا کہ میرے دفتر کے دروازے ہر شہری کیلئے کھلے ہیں، عوام بغیر سفارش اپنی جائز شکایات کے ازالہ کیلئے تشریف لائیں،کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے مابین قائم روابط کو مضبوط بنانا ہے ۔دریں اثنا کھلی کچہری کے اختتام پر ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا مانگی گئی۔