کرپشن کی پردہ پوشی ، 11 بیلدار تحصیلوں میں ٹرانسفر
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہرسے )میونسپل کارپوریشن کا کرپشن کی پردہ پوشی کا انوکھا طریقہ مبینہ کرپشن کرنے والے 11 بیلداروں کو تحصیلوں میں ٹرانسفر کردیا گیا۔۔۔
ذرائع کے مطابق ٹرانسفر ہونے والے تمام بیلدار مبینہ طور پرانکروچمنٹ انسپکٹرز کے ساتھ ان کے نذرانے جمع کرنے کا کام کرتے تھے لیکن ٹرانسفر آرڈر پر عملے کی کمی کو تبادلے کی وجہ بنا کر پیش کیا گیا ۔میونسپل کارپوریشن میں انکروچمنٹ انسپکٹرز کی مبینہ کرپشن کسی سے بھی مخفی نہیں ذرائع کے مطابق انکروچمنٹ انسپکٹرز تمام غیر قانونی بازاروں سے نذرانے وصول کرتے ہیں صرف ایک کلیم شہید بازار کا ہی سرکاری ٹھیکہ ہوا ہے کلیم شہید بازار کے ارد گرد اور پورے شہر میں لگنے والے دیگر بازار غیر قانونی ہیں لیکن تمام بازار ہر ہفتے لگتے ہیں اور مبینہ طور پر انکروچمنٹ انسپکٹر ان بازاروں سے نذرانے وصول کرکے میونسپل کارپوریشن کے افسروں تک پہنچاتے ہیں ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر ان انکروچمنٹ انسپکٹرزکے سہولت کار یا فرنٹ مین کے طور پر بیلدار نذرانوں کے پیسے جمع کرکے انکروچمنٹ انسپکٹرز تک اور انکروچمنٹ انسپکٹرز افسروں تک پہنچاتے ہیں اسی وجہ سے شہر سے نہ تو تجاوزات کا خاتمہ ہوسکا ہے اور نہ ہی غیر قانونی بازار بند کروائے جاسکے ہیں بیلداروں کی نذرانے وصول کرنے کی ویڈیوز بھی منظر عام پر آچکی ہیں بیلدار چونکہ انکروچمنٹ انسپکٹرز کے کہنے پر کام کرتے ہیں اس لیے ان پر کرپشن چارجز لگانے کی بجائے عملے کی کمی کو وجہ بنا کر ٹرانسفر آرڈرز جاری کردئیے گئے ٹرانسفر ہونے والے بیلداروں کو بظاہر انکروچمنٹ آپریشنز کے دوران سامان اٹھانے کی ذمہ داریاں دی گئی تھیں لیکن ان سے مبینہ طور پر نذرانے جمع کرنے کا کام لیا جاتا تھا افسروں کی جانب سے معاملہ ہاتھ سے نکلنے کے بعد انکروچمنٹ انسپکٹرز کو بچانے کیلئے بیلداروں کو ٹرانسفر کردیا گیا ان تمام 11 بیلداروں کو ستھرا پنجاب اور تجاوزات کے خاتمے کے نام پر تحصیلوں میں بھجوا دیا گیا ہے ذرائع کے مطابق ٹرانسفر ہونے والے بیلداروں نے اپنے انکروچمنٹ انسپکٹرز کے ساتھ لیگی ممبران اسمبلی کے پاس جاکر ٹرانسفر آرڈرز رکوانے کے لیے زور لگانا شروع کردیا ہے انکروچمنٹ انسپکٹرز کی جانب سے ٹرانسفر رکوانے کے لیے بیلداروں کو معصوم اور غریب ثابت کرکے سیاسی دباو بنانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کمشنر سلوت سعید کی جانب سے ٹرانسفر آرڈرز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن زبیر وٹو سے رابطہ کیا گیامگرانہوں نے موقف دینے سے گریز کیا ۔