متعلقہ افسر ٹارگٹس کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنائیں :ڈپٹی کمشنر
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ندیم ناصرکی زیر صدارت ضلع میں کی پوائنٹس انڈیکیٹرز پرعملدرآمد بارے اجلاس منعقد ہوا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں سے بریفنگ لی اورکہاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے تفویض کردہ اہداف کی تکمیل میں کوئی عذر قابل قبول نہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسر ٹارگٹس کی تکمیل کے لئے کمربستہ رہیں،کے پی آئیزکی بروقت تکمیل سے ہی عوامی ریلیف ممکن ہے اس ضمن میں ماتحت متعلقہ محکموں کو بھی متحرک رکھیں۔انہوں نے کہا کہ ٹارگٹس کے مکمل ہونے کے بارے میں جائزہ اجلاسز باقاعدگی سے منعقد ہونگے اورعدم تعمیل پر متعلقہ آفیسر جوابدہ ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے روٹی کی مقررہ نرخوں پر فروخت،پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد،عوامی بہبود کی ترقیاتی سکیموں کی مانیٹرنگ، ہسپتالوں کی انسپکشن،ہیلتھ وایجوکیشن اداروں کے وزٹ،سٹریٹ لائٹس کے فعال ہونے ،واٹر فلٹریشن پلانٹس کے چالو ہونے ،مسافر بسوں میں کرایوں پر عملد رآمد،مین ہولز کے کور ہونے ودیگر اہداف کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔