سونے کی بڑھتی قیمتیں ،شادیوں کے سیزن میں بھی صرافہ مارکیٹیں ویران،گاہک غائب
فیصل آباد(بلال احمد سے )سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث فیصل آباد کی صرافہ مارکیٹوں میں ویرانیوں نے ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ کاروبار50فیصد تک سکڑ گیا جبکہ شادیوں کے سیزن میں بھی خریداری نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے ۔
فیصل آباد میں ریل بازار، ستیانہ روڈ، غلام محمد آباد سمیت مختلف تجارتی مراکز میں قائم صرافہ مارکیٹوں میں کاروبار آخری سانسیں لینے لگا ۔ گزشتہ روز گولڈ کی قیمت میں 1400روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد فی تولہ قیمت 2لاکھ 71ہزار 900روپے کو پہنچ چکی ہے ۔ گاہک بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئے ہیں ۔نومبر سے مارچ تک کے پانچ مہینوں کو شادیوں کا سیزن مانا جاتا ہے جس دوران سونے کی خریدوفروخت معمول سے ہٹ کر زیادہ ہوتی ہے تاہم رواں سال تاحال مندی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دو سال کے دوران سونے کی قیمت میں فی تولہ سوا لاکھ روپے سے زائد کا اضافہ ہوچکا ہے ۔ جبکہ مہنگائی کے باعث دیگر اخراجات برداشت کرنا مشکل ہے ایسے میں ہار سنگھار کیلئے سونے کی خریداری اب خواب بن گئی ہے ۔ صرافہ مارکیٹ کے صدر حاجی عبدالجبار کا کہنا ہے گاہک آٹے میں نمک برابر ہیں۔ کئی جیولرز نے دکانیں بند کرکے دوسرے کاروبار شروع کرلیے ہیں۔ شہری اب شادیوں پر مصنوعی زیورات سے کام چلا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ 2 سال میں چاندی کی قیمت میں بھی 100 گنا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد موجودہ قیمت 3 ہزار 250 روپے فی تولہ ہوچکی ہے ۔