چناب نگر:تعمیراتی میٹریل مہنگا،مزدور طبقہ متاثر
چناب نگر(نامہ نگار )سریا، سیمنٹ،اینٹیں ودیگر تعمیراتی میٹریل مہنگا ہونے سے مزدور دیہاڑیوں سے پریشان،کئی کئی دنو ں بعد کام ملتا ہے۔
جبکہ ہفتوں فارغ بیٹھنا پڑتا ہے ۔ تفصیلا ت کے مطابق کچھ عرصہ سے مہنگائی کی لہر سے تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے ۔ جس کی وجہ سے کام بالکل ٹھپ ہوچکے ہیں اور دیہاڑی دار طبقہ بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ اس سے ان غریبوں کے مسائل میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔ مزدور طبقہ کا کہنا ہے کہ پہلے کام آسانی سے مل جاتا تھا لیکن اس جان لیوا مہنگائی جس میں میٹریل کی قیمتیں بالخصوص سریا، سیمنٹ اینٹیں،آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں۔مقامی سطح پر تعمیراتی کام تقریباً ٹھپ ہوچکے ہیں یا پھر بہت ہی کم تعمیرات ہورہی ہیں، مستری مزدور کو کئی کئی روز کام نہیں ملتا۔ اگر مل بھی جائے تو زیادہ عرصہ کے لئے نہیں ہوتا مگر بجلی بلوں،کھانے پینے کی اشیاء اور بچوں کی تعلیم کے اخراجات اور مہنگی ادویات کے بل برابر ان کو ہر ماہ ادا کرنے ہوتے ہیں جس سے مزدور افراد پر یشانیوں میں مبتلا ہوچکے ہیں اور اپنے گھر یلو حالات بالخصوص اپنے بچوں کے بارے خاصے پریشان نظر آتے ہیں، حکومت وقت کو اس بارے میں سنجیدگی سے سوچنا چاہیے ۔