یوٹیلیٹی سٹورز پر سامان کی قلت، اشیا کا حصول خواب

یوٹیلیٹی سٹورز پر سامان کی قلت، اشیا کا حصول خواب

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)شہریوں کو ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں بنائے گئے یوٹیلیٹی سٹورز حکام کی عدم توجہی کی بھینٹ چڑھ گئے ۔

یوٹیلیٹی سٹورز میں دالوں، گھی، چینی، آٹے سمیت دیگر بنیاد ی اشیاء خورونوش کی سپلائی کئی کئی دن تاخیر کا شکار ہونے سے شہریوں کیلئے اشیا خورونوش کا حصول محال ہوگیا۔ یوٹیلیٹی سٹورز پر سامان کی قلت کے باعث سیلز نہ ہونے کے برابر رہ گئیں جبکہ سیلز کم اور اخراجات زیادہ ہونے کی وجہ سے یوٹیلیٹی سٹورز کو ہر ماہ بھاری خسارے کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ جبکہ یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی اشیاء دستیاب نہ ہونے سے شہری اوپن مارکیٹوں سے مہنگے داموں خریداری پر مجبور ہوئے دیکھائی دیتے ہیں۔ مختلف علاقوں میں 100 سے زائد یوٹیلیٹی سٹورز قائم کئے گئے ہیں اور شہر کو دو ریجن اور ایک زون میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ سٹورز پر سامان کی مقدار اور تعداد اس قدر کم ہوتی ہے کہ فیصل آباد کے باسیوں میں سے صرف 10 سے 15 فیصد شہریوں کی ضروریات پوری ہو پاتی ہیں اور دیگر 80 سے 85 فیصد شہری سہولیات سے محروم رہ جاتے ہیں۔ شہریوں کی جانب سے حکام بالا کو متعدد بار شکایات کا اندراج بھی کروایا گیا، لیکن حکام مسائل کے حل میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے اس دور میں یوٹیلیٹی سٹورز کی افادیت کو بحال رکھا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں