کچی آبادیوں کے مسائل حل کئے جارہے ہیں:محمد آصف
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ڈائر یکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے کہا ہے کہ کچی آبادیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں اس سلسلے میں متعلقہ قوانین اور حکومتی پالیسی کے پابند ہیں۔
انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن حمیرا اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر کچی آبادی افضال انصاری، اسسٹنٹ ڈائریکٹر/ پی ایس او شبیر ساجد گجر ودیگر افسران اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے شہریوں کے مختلف نوعیت کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے کی سروسز کو عوامی توقعات کے مطابق بنانے کیلئے پرعزم ہیں اس ضمن میں متعدد اصلاحات پر عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈی اے سے متعلقہ کچی آبادیوں کے مکینوں کے مسائل حل کرنے کیلئے متعلقہ شعبے کو متحرک رکھا گیا ہے تاہم زمینوں کے انتقالات کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے بعض کچی آبادیوں کے نادھندہ مکینوں سے کہا کہ وہ اپنے ذمہ مقررہ واجبات فوری طور پر ادا کر کے اپنے حقوق کو محفوظ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کی معاونت سے کچی آبادی کے متاثرین کے مسائل حل کرنے کے لیے مربوط حکمت اختیار کی گئی ہے۔