ربیع سیزن ، گندم کاشت 20نومبر تک مکمل کرنے کی ہدایت
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)محکمہ زراعت پنجاب نے ربیع سیزن کے دوران گندم کی کاشت کا ہدف مقرر کر تے ہوئے کاشتکاروں کو 20 نومبر تک گندم کی کاشت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
چیف ایگریکلچر آفیسر محکمہ زراعت توسیع پنجاب نے کہا ہے کہ فیصل آباد ڈویژن میں مجموعی طور پر 17 لاکھ 90ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی جائے گی جس سے 31 لاکھ87 ہزار ٹن گندم پیدا ہونے کی توقع ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں 5 لاکھ 75 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی جائے گی جہاں سے 10 لاکھ 29ہزار ٹن گندم پیدا ہوگی، اسی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 3 لاکھ 22 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت سے پانچ لاکھ 67 ہزار ٹن گندم پیدا ہوگی ، ضلع جھنگ میں 6 لاکھ 50 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت کی صورت میں 11 لاکھ 27 ہزار گندم حاصل ہونے کا امکان ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع چنیوٹ میں 2 لاکھ 43ہز ایکڑ رقبہ پر گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے گی جس سے چار لاکھ 44 ہزار ٹن گندم حاصل ہونے کی توقع ہے ۔