شہر کو جدید اسلوب پرخوبصورت بنانا اولین مشن :کمشنر فیصل آباد
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے کہا ہے کہ شہر کو جدید اسلوب پرخوبصورت بنانا اولین مشن ہے۔
اس سلسلے میں پی ایچ اے کی کار کردگی کے معیار میں مزید بہتری لاتے ہوئے ذرائع آمدن میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیا جائے ۔یہ بات انہوں نے ایک اجلاس کے دوران کہی جس میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے دلاور خاں چدھڑ نے پی ایچ اے کے جاری و آئندہ منصوبوں اور ریونیو امور بارے بریفنگ دی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری،ایڈیشنل کمشنر (کوآرڈینشن) مصور خان نیازی ،پی ایچ اے کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ کمشنر نے پی ایچ اے افسران کو ہدایت کی کہ شہری ماحول کو سر سبز و شاداب، خوشنما اور دلکش بنانے کیلئے نئی اختراعات متعارف کرائی جائیں، تشہیری مقاصد کیلئے شہر کی اہم شاہرات پر ڈیجیٹل سکرینیں نصب کرنے کیلئے ایڈورٹائزنگ ایجنسیز کو متحرک کریں ۔انہوں نے کینال روڈ کو مختلف زاویوں سے عمدہ انداز میں جاذب نظر بنانے کیلئے منصوبہ تیار کرنے کا حکم دیا۔