جیلوں میں ٹی وی،موبائلز،منشیات فراہم کرنے کا انکشاف

جیلوں میں ٹی وی،موبائلز،منشیات فراہم کرنے کا انکشاف

فیصل آباد(عبدالباسط سے )فیصل آباد کی جیلوں میں قیدیوں اور حوالاتیوں کو جیل پولیس افسران اور ملازمین کی جانب سے مبینہ طور پر ٹی وی، موبائلز، منشیات اور۔

 دیگر ممنوعہ اشیاء فراہم کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق جیلوں میں مقید قتل، منشیات فروشی، اغواء، تاوان، بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث جرائم پیشہ اور ریکارڈ یافتہ ملزمان مبینہ طور پر اپنے ہائی پروفائل تعلقات اور نذرانوں کا استعمال کرتے ہوئے جیلوں میں بھی سہولیات حاصل کر رہے ہیں،قیدیوں اور حوالاتیوں کی جانب سے مبینہ طور پر جیل پولیس افسران اور ملازمین کی خواہشات پوری کرتے ہوئے ان سے اپنے مطالبات پورے کروا لئے جاتے ہیں۔ ڈسٹرکٹ جیل میں مقید ایک قیدی کے ورثہ کی جانب سے ڈی آئی جی جیل خانہ جات کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل کی جانب سے حوالاتی کی بیرک سے ایل سی ڈی اتار لی گئی اور مختلف سہولیات کی فراہمی کیلئے بھی ان سے بھاری رقوم کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور مختلف اوقات میں رقوم وصول کی جا چکی ہیں،اس درخواست سے انکشاف ہوا کہ جیل میں مقید حوالاتیوں اور قیدیوں کے پاس نا صرف ٹی وی، ایل سی ڈی، موبائلز اور دیگر سہولیات موجود ہیں بلکہ نشے کے عادی قیدیوں اور حوالاتیوں کو جیل پولیس افسران اور ملازمین مبینہ طور پر ملی بھگت کرتے ہوئے مختلف منشیات بھی پہنچائی جاتی ہے ۔ جس کے عوض مبینہ طور پر نذرانوں کی وصولی بھی کی جاتی ہے ۔ آئے روز  شکایات کے باوجود جیل پولیس حکام ایسے واقعات کی روک تھام اور ان میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کرنے میں غیر سنجیدہ دکھائی دیتے ہیں۔ معاملے پر سپریٹنڈ نٹ ڈسٹرکٹ جیل فخر سلطان کا کہنا ہے کہ ایسے معاملات نوٹس میں آنے کی صورت میں فوری اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں