ڈائریکٹر لائیو سٹاک کا گوجرہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر نے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل گوجرہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مختلف ویٹرنری اداروں کا دورہ کیا۔
انہوں نے سول ویٹرنری ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ، اے آئی سینٹر ٹوبہ ٹیک سنگھ،سول ویٹرنری ہسپتال تحصیل گوجرہ،سول ویٹرنری ہسپتال 430 ج ب، اور سول ویٹرنری ڈسپنسری 353 ج ب میں آؤٹ ڈور اورویکسی نیشن ریکارڈ، عملے کی حاضری،صفائی کا نظام، کسان لائیو سٹاک بیٹھک ریکارڈ، ہائی سکول فوکس پروگرام پر عملدرآمد،ادویات کی تاریخ تنسیخ چیک کی۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ سکیم کے حوالے سے مویشی پال حضرات کی آگاہی اور رہنمائی کے لئے ان ہسپتالوں میں قائم کئے گئے سہولت ڈیسکس پر آئے ہوئے مویشی پال حضرات سے سہولیات کی فراہمی بارے بھی دریافت کیا۔ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے پلانٹ فار پاکستان مہم کے حوالے سے سول ویٹرنری ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پودا بھی لگایا اور ملک و ملت کی خوشحالی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے تحصیل ٹوبہ ٹیک سنگھ اور تحصیل گوجرہ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زراعت کے دفاتر میں قائم کئے گئے وزیراعلیٰ پنجاب لائیو سٹاک کارڈ سہولت ڈیسک کا بھی دورہ کیا۔