ڈاکو،چور بے لگام،وار داتوں میں زبرداست اضافہ
فیصل آباد(عبدالباسط سے )ڈکیتی، چوری، راہزنی اور لوٹ مار کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا۔ پولیس کی جانب سے کئے جانے والے مختلف اقدامات کے باوجود بھی ڈاکو چور بے لگام ہوگئے اور پولیس قابو کرنے میں ناکامی کا شکار بنی دکھائی دینے لگی ہے ۔
رواں سال میں اب تک 36 ہزار سے زائد افراد کو ڈکیتی، چوری اور راہزنی سمیت لوٹ مار کی دیگر وارداتوں میں کاروں، موٹر سائیکلوں، گاڑیوں، رکشوں، نقدی، موبائلز، زیورات، مویشیوں اور دیگر قیمتی سامان سے محروم کیا جا چکا ہے ۔ اس کے باوجود پولیس کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات ناکافی دکھائی دیتے ہیں۔ذرائع کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر ڈیڑھ سو سے زائد افراد کو جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے اپنا شکار بناتے ہوئے ان سے موٹر سائیکلیں، نقدی، موبائلز، زیورات، مویشی، رکشے اور دیگر وہیکلز سمیت قیمتی اشیا چوری اور چھین لی جاتی ہیں۔ وارداتوں کی روک تھام کے لئے پولیس کی جانب سے ناکہ بندی، پٹرولنگ، سنیپ چیکنگ اور دیگر مختلف اقدامات تو کئے جا رہے ہیں۔ لیکن کوئی بھی اقدام کارگر ثابت نہیں ہو رہا۔رواں سال میں اب تک ڈکیتی چوری اور راہزنی سمیت لوٹ مار کے دیگر 36 ہزار سے زائد واقعات ہو چکے ہیں۔ مزاحمت کرنے پر 26 افراد کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارنے کے واقعات بھی رواں سال سامنے آئے ۔ جبکہ 200 سے زائد افراد کو ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے اور دیگر طریقوں سے تشدد کرتے ہوئے زخمی کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ۔ وارداتوں کی وجہ سے شہریوں کا اپنے گھروں سے باہر نکلنا بھی محال ہو گیا ہے ۔ شہریوں کو گھروں کی دہلیز پر ہی لوٹنے کے واقعات بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔شہریوں کی جانب سے پولیس کو متعدد بار شکایات کا اندراج کروائے جانے کے باوجود بھی پولیس روک تھام اور شہریوں کو تحفظ کی فراہمی میں مبینہ طور پر ناکامی کا شکار دکھائی دیتی ہے ۔ شہریوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے جرائم کی وارداتوں کی روک تھام اور شہریوں کی جان و مال کو تحفظ کی فراہمی کے لئے بہتر اقدامات اٹھائے جائیں۔ سٹی پولیس آفیسر کامران عادل کہتے ہیں کہ جرائم کے خاتمے اور جرائم پیشہ عناصر کو لگام ڈالنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔