اٹھارہ ہزاری:دو یو سیز کا ویٹرنری ہسپتال اسسٹنٹ سے محروم
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا )محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کی عدم دلچسپی ،یونین کونسل دوسہ کالونی اور 7/2 تھل کے اکلوتے سول ویٹرنری ہسپتال میں ویٹرنری اسسٹنٹ کی نشست 6سال بعد بھی بحال نہ ہو سکی۔۔۔
مویشی پال حضرات پریشان، فوری اسسٹنٹ کی تعیناتی کا مطالبہ ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک پنجاب کی جانب سے کئے گئے تمام تر انقلابی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔صورتحال یہ ہے کہ یونین کونسل دوسہ اور 7/2 تھل کے واحد سول ویٹرنری ہسپتال میں گزشتہ چھ سال سے ویٹرنری اسسٹنٹ تعینات نہ ہونے سے مویشی پال کسان شدید پریشان ہیں۔ واضع رہے سیاسی اثر و رسوخ والی یونین کونسل جبوآنہ کے ویٹرنری ہسپتال میں 4ویٹرنری اسسٹنٹس تعینات ہیں لیکن 2 یونین کونسلوں کے واحد ویٹرنری ہسپتال میں ویٹرنری اسسٹنٹ کی نشست مبینہ سیاسی مداخلت کے باعث چھ سال قبل ختم کردی گئی تھی۔مویشی پال حضرات نے وزیراعلی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے واحد سول ویٹرنری ہسپتال میں ویٹرنری اسسٹنٹ کی نشست بحال کر کے وہاں تعیناتی کی جائے تاکہ 40 ہزار مویشیوں کے علاج معالجہ کی سہولت میسر ہو سکے ۔