مدھوبالا کی چڑیا گھر سے آج سفاری پارک منتقلی ، تیاریاں مکمل

مدھوبالا  کی  چڑیا  گھر  سے  آج  سفاری  پارک  منتقلی  ،  تیاریاں  مکمل

کراچی (رپورٹ:سید علی مہدی )کراچی چڑیا گھر سے مدھو بالا ہتھنی کی سفاری پارک منتقلی کیلئے انتظامات مکمل ۔

حکومتی اعلانات کے دو سال بعد بالآخر کراچی چڑیا گھر سے مدھو بالا کو آج صبح سفاری پارک منتقل کیا جائے گا ۔ کے ایم سی ذرائع کے مطابق عالمی ماہرین کی تنظیم فور پاز ٹیم کے زیرنگرانی مدھو بالا ہتھنی کو چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کیا جائے گا ۔ جس کیلیے بلدیہ عظمی کراچی اور فور پاز ٹیم کی جانب سے تمام تیاریاں اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کراچی چڑیا گھر سے مدھو بالا ہتھنی کو خصوصی کنٹینر کے ذریعے منگل (آج)کی صبح چھ بجے سفاری پارک منتقل کیا جائے گا ۔ فور پاز ٹیم کی جانب سے مدھو بالا ہتھنی کو خصوصی کنٹینر کے ذریعے منتقل کرنے کیلئے خصوصی تربیت دی گئی ہے ۔ کے ایم سی حکام کے مطابق سفاری پارک میں مدھو بالا ہتھنی کے رہنے کیلئے خصوصی کیچ تیار کیا گیا ہے جبکہ تینوں ہتھنیوں کو ایک ساتھ رکھنے کیلئے تین ایکٹر سے وسیع رقبہ پر سینچری بھی بنائی گئی ہے ۔ جس میں قدرتی ماحول سمیت ہتھنی کے نہانے کیلئے بڑے حوض سمیت مختلف سرگرمیوں کیلئے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق مدھو بالا ہتھنی سفاری پارک میں ملکہ اور سونو دیگر دو ہتھنیوں کے ہمراہ رہے گی ۔ تاہم ابتدا میں مدھو بالا ہتھنی کو دیگر دو ہتھنیوں سے الگ رکھا جائے گا اور ایک دوسرے سے مانوس ہونے پر تینوں ہتھنیوں کو ساتھ رکھا جاسکے گا ۔ واضح رہے کہ کراچی چڑیا گھر میں دو سال قبل بلڈ پیرا سائیڈ انفیکشن سے نور جہاں ہتھنی کے مرنے کے بعد مدھو بالا کی سفاری پارک منتقلی کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم بلڈ پیرا سائیڈ انفیکشن سے مدھو بالا بھی متاثر ہونے پر اسکی ویکسی نیشن اور علاج کیا گیا جس کے بعد فور پاز ماہرین کی جانب سے ضروری ٹیسٹ اور چیک اپ کے بعد مدھو بالا اور سفاری پارک کی دیگر دو ہتھنیوں کو صحت مند قرار دیا گیا اور سفاری پارک میں مدھو بالا کی منتقلی کیلیے خصوصی کیچ ، کنٹینر اور سینچری کا کام مکمل ہونے پر ہتھنی کو نومبر کے آخر میں چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ جس کے تحت مدھو بالا ہتھنی کو بلآخر آج کراچی چڑیا گھر سے سفاری پارک منتقل کیا جائے گا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں