داخلی و خارجی راستے بند : سبزیوں ، پھلوں کا سٹاک کم ، مہنگے داموں فروخت
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)گوجرانوالہ سمیت پنجاب بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی شارٹیج گوجرانوالہ ریجن میں 140 پیٹرول پمپ بند ہو گئے ،سبزیاں ،پھل اور دیگر اشیاء کا سٹاک کم ہونے کی وجہ سے مہنگے داموں فروخت ہونے لگیں۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال پر شہر کے داخلی وخارجی راستے بند ہونے کی وجہ سے پٹرول کی سپلائی متاثر ہو گئی جس کی وجہ سے ریجن بھر میں 140 پٹرول پمپ بند ہو گئے جبکہ دیگر پٹرول سٹیشنز پر بھی پٹرول کے سٹاک میں واضح کمی دیکھائی دے رہی جو کسی بھی وقت بند ہو جائیں گے ،پٹرول کی قلت اور رستے بند ہونے کے باعث رکشہ ڈرائیورز نے منہ مانگے کرایے وصول کرنا شروع کر دئیے ، دوسری جانب سبزیاں ،پھل اور فروٹ سمیت دیگر اشیاء کی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے دکانداروں نے دستیاب سٹاک کو من مانے ریٹوں پر فروخت کرنا شروع کر دیا ہے ۔شہری قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے چکرا کر رہ گئے ،انہوں نے کمشنر سے مطالبہ کیا کہ گرانفروشی کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کرائے جائیں۔