خود مختار پروگرام ، غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی :ڈپٹی کمشنر
لودھراں ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ، سٹی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد ۔
اجلاس میں پنجاب ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے آغوش، خود مختار اور بنیاد پروگرامز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر، محکمہ سکول ایجوکیشن کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی - پی ایچ سی آئی پی کے فوکل پرسن عمرفاروق نے بتایا کہ لودھراں میں یکم نومبر سے خودمختار پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 18 سے 35 سال والے 6,822 شادی شدہ جوڑوں کو اثاثہ جات فراہم کیے جائیں گے ۔ اس سلسلے میں سروے شروع ہو چکا ہے اور اہل افراد کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے ۔ ضلع کی حاملہ اور 2 سال سے کم عمربچوں کی مائیں اپنے قریبی بنیادی یا دیہی مرکزِ صحت پر جا کر آغوش پروگرام میں رجسٹر ہو کر 23,000 روپے تک کی رقم مرحلہ وار حاصل کر سکتی ہیں ۔ ضلع لودھراں میں اب تک 62,000سے زائد خواتین آغوش پروگرام میں رجسٹر ہو چکی ہیں ۔ بنیاد پروگرام کے تحت 3سے 5سال تک کہ بچوں کو سرکاری سکولوں میں معیاری ابتدائی تعلیم وتربیت اورنگہداشت کی سہولت بھی دی جا رہی ہے ۔بنیاد پروگرام کے تحت تین مراحل میں 554سکولوں میں ارلی چائلڈ کئیر ایجوکیشن کلاسوں کا اجرا کر دیا گیا ہے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لودھراں نے کہا کہ پنجاب ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت خود مختار پروگرام کا آغاز خوش آئند ہے جس سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا ۔ آغوش پروگرام کے ذریعے ماں و بچے کی بہتر صحت کیلئے معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ لودھراں کے تمام ہسپتالوں میں ہیلتھ ویک کے تحت خصوصی آگاہی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں ۔