منڈی: 2کروڑ سے نئے ریسکیو 1122 سٹیشن کا افتتاح
منڈی بہاؤالدین (نامہ نگار )ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے گوجرہ میں 2کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے نئے ریسکیو 1122 سٹیشن کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ایکسین بلڈنگ، ڈی او ایمرجنسی ریسکیو 1122عمران خان سمیت مقامی افراد کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گوجرہ ریسکیو سٹیشن 1122کو 2ایمرجنسی گاڑیوں اور 2 ایمرجنسی موبائل موٹرسائیکل کی سروس مہیا کی جا رہی ہے ، ریسکیو کا تربیت یافتہ عملہ 24گھنے مختلف ڈیوٹیز میں شہریوں کو گھر کی دہلیز پر ایمرجنسی سروسز مہیا کرے گا۔ ممبر قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت عوام الناس کو کسی بھی قسم کے ایمرجنسی حالات میں ان کے جان مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جدید خطوط پر استوار کر رہی ہے اور اس کیلئے وہ تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس سے شہریوں کوریسکیو، علاج معالجہ اور دیگر سہولیات میسر آ سکیں۔ ریسکیو 1122 کی نئی عمارت کا منصوبہ علاقہ کے عوام کے ساتھ وعدے کی تکمیل ہے ۔ انہوں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیورز کے کام کی تعریف کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی طرح جانفشانی سے کام سر انجام دینے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے ہی تاریخ میں زندہ رہتے ہیں۔