سائلین کے کام فوری مکمل کیے جائیں،ڈی جی کے ڈی اے
کراچی(اسٹاف رپورٹر)دنیا نیوز کی خبر کے بعد ڈی جی کے ڈی اے اچانک فعال ہوگئے ۔ ترجمان کے ڈی اے کے مطابق کے ڈی اے لینڈ۔۔
اور ریکوری ڈپارٹمنٹ سے متعلق سائلین کی جانب سے مسلسل شکایات کے بعد ڈائریکٹرجنرل ادارہ ترقیات کراچی الطاف گوہر میمن نے کے ڈی اے کے مرکزی دفتر سوک سینٹر تیسری منزل پر موجود لینڈ ڈپارٹمنٹ کا ہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی جی نے ڈائریکٹر لینڈ آصف رضا چانڈیو کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ لینڈ ڈپارٹمنٹ میں شکایات کی روک تھام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، آئندہ شکایات ملنے کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ریکوری ڈپارٹمنٹ کے دورہ کے موقع پر ڈائریکٹر ریکوری بہزاد عامر میمن کی بھی سرزنش کی کہ سائلین کے کام کو فوری مکمل کریں اور غیر ضروری رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے ۔ الطاف گوہر میمن نے ایڈیشنل ڈائریکٹر عابد زیدی کے دفتر میں موجود فائلوں کا انبار ملنے پر برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے روزانہ کی بنیاد پر فائلوں پر آفس ورک مکمل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کسی بھی طرح کی شکایت موصول نہیں ہونی چاہئے ۔ بعدازاں ڈائریکٹر جنرل نے ریکارڈ روم کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے احکامات جاری کئے کہ فائلیں غائب ہونے کی شکایت کا ازالہ کیا جائے اور ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔تمام ریکارڈز کو محفوظ بنانے کے لئے کمپیوٹرائزیشن میں تیزی لائی جائے ۔