ماربل سٹی کے قیام کیلئے معاہدہ طے

ماربل  سٹی  کے  قیام  کیلئے  معاہدہ  طے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) سندھ حکومت نے کراچی ماربل سٹی کے قیام کو عملی جامہ پہنا دیا۔وزیراعلی ہاؤس میں تقریب کے دوران کائنات اینڈ حسن کنسٹرکشن (جے وی) کے ساتھ معاہدے پر دستخط وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی موجودگی میں کیے گئے ۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت اسپیشل اکنامک زونز قائم کر کے معیشت کو مضبوط کر رہی ہے ، انڈسٹریل زونز قائم ہونے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔اُنہوں نے بتایا کہ ماربل سٹی منصوبے پر 100 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی، منصوبے سے صوبے کے عوام کے لیے 10 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی، منصوبے کا محلِ وقوع مقامی اور بین الاقوامی تجارت کے لیے انتہائی اہم ہے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ نجی شراکت دار 2 سال میں کراچی ماربل سٹی منصوبے کی تعمیر مکمل کریں گے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی ماربل سٹی پروجیکٹ پہلے ہی تاخیر کا شکار ہے اب مزید سستی نہیں ہونی چاہیے ۔وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری سید قاسم نوید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ماربل سٹی ، کراچی بندرگاہ، جناح ایئرپورٹ اور تمام اہم ہائی ویز کیساتھ جڑا ہونے کے باعث قومی اور بین الاقوامی منڈیوں میں تجارت کیلئے بے مثال سہولیات کا حامل ہے۔ منصوبے میں ماڈرن انفرا اسٹرکچر، بنیادی ضروریات اور سخت سکیورٹی شامل ہیں، 24 گھنٹے نگرانی، ایمرجنسی مینجمنٹ سسٹم کے باعث سرمایہ کاروں اورورکرزکیلئے محفوظ اور مثبت ماحول بھی فراہم کرتا ہے۔ 100 ملین ڈالر کے منصوبے سے 10 ہزار ملازمتیں پیدا ہونے اور ماربل و گرینائٹ کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے ۔علاوہ ازیں کریم آباد انڈر پاس، ملیر ایکسپریس وے اور کورنگی کاز وے پل کی پیش رفت پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مذکورہ منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیر بلدیات سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز نیاز سومرو، ذوالفقار ابڑو، ممبر پی اینڈ ڈی سکندر اور دیگر شریک ہوئے ۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ کریم آباد پر دو دو لائن پر مشتمل انڈر پاس 3.8 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا، انڈرپاس کی لمبائی 1080 میٹرز ہے جس میں 300 میٹر کا کام مکمل ہوگیا ہے ۔30 فیصد ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات کو کہا کہ خود پروجیکٹ کی نگرانی کریں۔میئر کراچی کریم آباد انڈرپاس کو جلد مکمل کروائیں۔وزیراعلیٰ نے وزیر بلدیات کو کورنگی کاز وے پر پل پر کام تیز کرنے کی ہدایت دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں