ڈپٹی کمشنر جھنگ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال،لینڈ ریکارڈ سنٹر کا دورہ

 ڈپٹی کمشنر جھنگ کا ڈی ایچ کیو ہسپتال،لینڈ ریکارڈ سنٹر کا دورہ

جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنرجھنگ علی اکبر بھنڈر نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم شہزاد بھٹی اور محکمہ صحت کے افسران بھی ہمراہ تھے۔

بعدازاں وہ پبلک سروس ڈیلیوری کے حوالے سے اراضی ریکارڈ سنٹر جھنگ بھی گئے اور انہوں نے شہریوں کو دی جانیوالی تمام سہولیات کا جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنرجھنگ نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کے دورہ کے دوران مریضوں اور لواحقین سے طبی سہولیات بارے دریافت کیا ،وارڈز میں مریضوں کو ادویات کی فراہمی و دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ری ویمپنگ کے جاری کام کا بھی جائزہ لیتے ہوئے اس کو جلد مکمل کرنے سمیت ڈاکٹرز و سٹاف کو پبلک سروس ڈیلیوری کے حوالے سے احکامات جاری کئے۔انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ محکمہ صحت کے افسران و ڈاکٹرز لوگوں کی صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی کےلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کےلئے تمام دستیاب وسائل اور صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔لوگوں کو صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی تعطل اور رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر کے دورہ کے دوران وہاں آئے سائلین سے سہولیات بارے دریافت کیا اور متعلقہ افسران کو حکم دیا کہ ا سائلین کی سہولت کیلئے بہترین سروس کی فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور انہیں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے افسران اور ملازمین کو ہدایت کی کہ تمام عملہ محنت اور لگن کیساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائے اور یہاں آنیوالے شہریوں سے خوش اخلاقی کیساتھ پیش اور انکے مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں