کراچی بندرگاہ پر گرین چینل بند،کنٹینرز مکمل چیکنگ،کرسمس اور نیوایئر کے آرڈر لیٹ،برآمدات متاثر

کراچی بندرگاہ پر گرین چینل بند،کنٹینرز مکمل چیکنگ،کرسمس اور نیوایئر کے آرڈر لیٹ،برآمدات متاثر

فیصل آباد(بلال احمد سے )بندرگاہ پر کنٹینرز کی چیکنگ میں تبدیلی کی پالیسی کا اثر براہ راست تجارت پر پڑنے لگا۔

استعداد میں کمی کے باوجود فیصل آباد سمیت ملک بھر سے ایکسپورٹ کے لیے بھجوائے جانے والے کنٹینرز کی 20 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد چیکنگ کے باعث کرسمس کے لیے بھجوائے گئے آرڈر تاخیر کا شکار ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔کسٹم حکام کی جانب سے اس سے قبل کنٹینرز کی مجموعی شپمنٹ میں سے نمونے کے طور پر چند ایک کنٹینرز کی چیکنگ کرکے مال کو کلیئرقرار دے دیا جاتا تھا تاہم دو ہفتے قبل گرین چینل میں تاجروں کو ملنے والی سہولت مکمل طور پر ختم کردی گئی اور 100 فیصد کنٹینرز کی جانچ کا قانون لاگو کردیا گیا۔ جس کے بعدفیصل آباد سے بڑی تعداد میں جانے والے ایکسپورٹ کے کنٹینرز بندرگاہ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ صنعتوں کو یورپ، امریکہ، فرانس، اٹلی اور سپین سمیت مختلف ممالک سے کرسمس اور نیوایئر کے آرڈر ملے جن کو تیار کرکے بیرون ممالک بھجوایا جانا ہے تاہم گرین چینل کی بندش کے باعث آرڈر غیر ضروری تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں اور غیرملکی خریداروں پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے لگے ہیں۔ صدر چیمبر آف کامرس ریحان نسیم بھراڑہ کا کہنا ہے کہ ماہانہ سینکڑوں کنٹینرز بیرون ممالک بھجوائے جاتے ہیں۔ ایسے میں کراچی بندرگاہ پر استعداد سے زیادہ بوجھ ڈال دیا گیا ۔چیکنگ کی مخالفت نہیں تاہم پہلے نظام کو اس قابل کیاجائے کہ ہدف پورا کرسکے ۔ انہوں نے حکومت سے اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں