الائیڈ ہسپتال : ڈی ایم ایس سروسز اور سٹور کیپر مبینہ طور پر سرکاری سامان چوری کروانے لگے

الائیڈ ہسپتال  :  ڈی  ایم  ایس  سروسز  اور  سٹور کیپر مبینہ  طور  پر  سرکاری  سامان  چوری  کروانے  لگے

فیصل آباد(بلال احمد سے )الائیڈ ہسپتال میں ڈی ایم ایس سروسز اور سٹور کیپر مبینہ طور پر سرکاری سامان چوری کروانے لگے ۔

سرکاری ملازم بھاری مقدار میں آہنی پائپ لے جاتے پکڑا گیا۔ ایم ایس نے نوٹس لیکرانکوائری کا حکم دے دیا۔الائیڈ ہسپتال کے اپنے ہی افسرسرکاری سامان کو مال مفت دل بے رحم سمجھ کر اس پر ہاتھ صاف کرنے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ورکشاپ میں کام کرنے والا ویلڈر اعظم سٹور سے پرانا آہنی پائپ مبینہ طور پر چوری چھپے فروخت کرنے کے لیے لیجا رہا تھا کہ اس دوران بوائلر شہزاد نے اسے مشکوک انداز میں جاتے ہوئے روک لیا اور چھان بین کرکے سامان برآمد کرلیا۔ جس پر ملزم منت سماجت کرنے لگا اور بعد ازاں اس بات کا انکشاف کیا کہ ڈی ایم ایس سروسز رانا سلیم اور سٹور کیپر شفیق گجر کی اجازت سے سرکاری سامان فروخت کرنے کے لیے لیجا رہا تھا۔ شہزاد بوائلر نے برآمد شدہ سامان اور ثبوت بمعہ درخواست ایم ایس تک پہنچا دیئے جس کے بعد ڈاکٹر محمد فہیم یوسف نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ویلڈر اعظم کو معطل کردیا۔ جبکہ 3 رکنی انکوائری کمیٹی بھی قائم کردی ہے جس کی سربراہی اے ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر سلیم طاہر ہرل کو سونپی گئی ہے جبکہ ڈاکٹر محمد سفیان اور ڈاکٹر نوید انور کو ممبران کے طور پر شامل کیا گیا ہے ۔ ایم ایس کے مطابق 3 روز کے اندر ہر پہلو سے انکوائری کرکے ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا جس کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں