غذائی استحکام کیلئے زرعی ماہرین کوششیں بڑھائیں:ڈاکٹر سرور خاں
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا ہے کہ بڑھتی آبادی کی طلب کو پورا کرنے اور غذائی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے زرعی ماہرین کو کوششوں میں اضافہ کرنا ہو گا ۔۔۔
تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کو ممکن بناتے ہوئے زرعی ترقی کا نیا باب مرتب کیا جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت پنجاب کے افسران سے پروفیشنل ٹریننگ اینڈ سکل ڈویلپمنٹ سنٹر کے زیر اہتمام فنانس، ایڈمنسٹریشن مینجمنٹ اور ای گورننس ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محکمہ زراعت کے افسران کے لیے یہ 22ویں ورکشاپ ہے جو ان کی ترقی کے لیے لازمی قرار دی گئی ہے ۔ ڈائریکٹر پروفیشنل ٹریننگ پروفیسر ڈاکٹر وقاص ، ڈائریکٹر ویٹ ایوب ایگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر جاوید احمد، ڈاکٹر ندیم اور دیگر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ زرعی شعبے کو کم پیداوار، پانی کی کمی، موسمیاتی تبدیلیوں اور دیگر چیلنجز کا سامنا ہے ،ہمیں زرعی شعبے میں جدید رجحانات کو اپنانا ہوگا۔ ڈاکٹر وقاص وکیل نے کہا کہ کانٹی نیوئنگ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد 1963 میں قائم کیا گیا تھا اور 2023 میں اسے پروفیشل ٹریننگ اینڈ سکل ڈویلپمنٹ سنٹر میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔جس کے تحت زراعت، لائیو سٹاک اور دیہی ترقی پر خصوصی توجہ کے ساتھ 250 شارٹ کورسز کروائے جا رہے ہیں۔