گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں عالمی یومِ ریاضی پر تقریبات

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی شعبہ ریاضی نے عالمی یومِ ریاضی (پائی ڈے ) کی تقریبات منعقد کیں۔جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کی ۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامیابی کے لیے ایمانداری، لگن اور کچھ کر گزرنے کا جذبہ ضروری ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاضی بظاہر ایک خشک مضمون سمجھا جاتا ہے ، لیکن حقیقت میں یہ ایک مکمل اور دلچسپ دنیا ہے اور اس تقریب میں لگائے گئے سٹالز اور سرگرمیوں نے یہ ثابت کر دیا کہ پیشکش کا انداز متاثرکن ہونا چاہیے ۔اس سے قبل دن کی مناسبت سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین کی قیادت میں آگاہی واک بھی کی گئی ۔وائس چانسلر نے تقریب کے انعقاد پر شعبہ ریاضی کی کاوشوں کو سراہا۔ وائس چانسلر کو شعبہ ریاضی کی جانب سے ہاتھ سے بنا دوپٹہ پیش کیا گیا، جس پر ریاضی کی علامات مزین تھیں تقریب میں طلبا نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے مختلف سٹالز لگائے جن میں جیولری اور مہندی کے سٹالز، جہاں ریاضی کے نمونوں پر مبنی ڈیزائن پیش کیے گئے اس کے علاوہ ریاضی کے ماڈلز اور نظریات کی نمائش کی گئی۔