معاون خصوصی وزیراعلیٰ سلمیٰ بٹ کا ضلع چنیوٹ کا دورہ

چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )معاون خصوصی وزیراعلٰی پنجاب سلمیٰ بٹ نے ضلع چنیوٹ کا دورہ کیا اورمیونسپل کمیٹی آفس میں موجود مستحق افراد میں نگہبان رمضان پیکج کے تحت 10/10 ہزار روپے کے پے آرڈرزتقسیم کئے ۔
ڈپٹی کمشنر صفی اﷲ گوندل اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔معاون خصوصی نے خواتین ومرد حضرات سے ملاقات بھی کی اور رمضان پیکج کے پے آرڈرز ملنے کے حوالے سے دریافت کیا۔ علاوہ ازیں معاون خصوصی نے تحصیل چوک میں قائم ماڈل/سہولت بازار کا دورہ کرکے اشیاء کی دستیابی، معیار اور قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے بزرگ خریداروں سے انتظامات اور قیمتوں بارے دریافت بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ ماہ صیام کے اختتام تک صارفین کو معیاری اشیاء کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ماڈل بازاروں میں 16 سے 18 بنیادی اشیاء ضروریہ عام مارکیٹ سے نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہیں جبکہ عام مارکیٹ میں بھی اشیاء کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس متحرک ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے میں معاون خصوصی نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار دو طرح کے رمضان پیکجز کی مستحقین تک شفاف انداز میں فراہمی وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا انقلابی اقدام ہے ۔معاون خصوصی نے بتایا کہ ضلع چنیوٹ میں رقوم کی ادائیگی کا تقریبا 100 فیصد عمل مکمل ہوچکا تاہم پے آرڈرز کے حامل بعض افراد جن کا انتقال ہوچکا اسے اس کی بیوہ کے نام منتقل کرایا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے نگہبان رمضان پیکج پر عملدرآمد کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر قاسم رضا،اسسٹنٹ کمشنرچنیوٹ اشفاق رسول، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی عامر الیاس چٹھہ بھی موجود تھے ۔