ایڈیشنل سیشن جج کا مجسٹریٹ کے ہمراہ سینٹرل جیل کا دورہ

فیصل آباد(سٹی رپورٹر،خصوصی رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اقبال ہرل نے سول جج /مجسٹریٹ دفعہ 30 شیخ عبد الرزاق کے ہمراہ سینٹرل جیل کا دورہ کیا۔
انہوں نے جیل ہسپتال میں طبی سہولیات، کچن اور بیرکس کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج محمد اقبال ہرل اور سول جج شیخ عبدالرزاق نے ماہانہ انسپیکشن کے حوالے سے گزشتہ روز سینٹرل جیل کا دورہ کیا ، اس دوران ججز کی جانب سے جیل کے ہسپتال، کچن اور اسیران کی بیرکس سمیت دیگر پوائنٹس کا معائنہ کیاگیا، سپرنٹنڈنٹ جیل ساجد بیگ نے انہیں جیل میں دستیاب سہولیات اورانتظامات بارے بریفنگ دی جبکہ ججز نے اسیران سے ملاقات کرکے مسائل دریافت کئے اور سہولیات کو تسلی بخش قرار دیا۔ ججز نے معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث 17 اسیران کو ذاتی مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔