غیرقانونی کمرشلائزیشن پر جائیدادوں کو فوری سیل کرنیکاحکم
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے ایک میٹنگ کے دوران شعبہ ٹاؤن پلاننگ کے امور کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسمائمحسن، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹرز راحیل ظفر، اقراء مرتضیٰ ودیگر افسر موجود تھے ۔ اے ڈی جی نے بلڈنگ بائی لاز پر عملدرآمد، کمرشلائزیشن، بلڈنگ پلان کی منظوری اور دیگر امور کا جائزہ لیتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف موثر انداز میں کارروائی عمل میں لائی جائے اس سلسلے میں فیلڈ سٹاف کو متحرک رکھیں اور بغیر منظوری رہائشی جائیدادوں کی نوعیت کو کاروباری مقاصد میں تبدیل کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز محکمانہ کارروائی میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی کمرشلائزیشن پر جائیدادوں کو فوری سر بمہر کریں اور ان کے مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ کمرشلائزیشن کی منظوری حاصل اور مقررہ واجبات جمع کرانے پر ہی ان جائیدادوں کو ڈی سیل کریں۔