محکمہ لائیوسٹاک کے ڈی جی کا فیصل آباد ڈویژن کا اچانک دورہ
فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)محکمہ لائیوسٹاک اینڈڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل (ایکسٹینشن) ڈاکٹر محمد اشرف نے فیصل آباد ڈویژن کا اچانک دورہ کیا۔ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
دورہ کے دوران ڈائریکٹر جنرل ایکسٹینشن ڈاکٹر محمد اشرف نے سول ویٹرنری ہسپتال (CVH) فیصل آباد کے کانفرنس روم میں ایک پراگریس ریویو میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں ضلع کے ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد قیصر خلیق، تمام ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک، تمام ویٹرنری افسروں اور مختلف فوکل پرسنز نے شرکت کی۔ اجلاس میں محکمہ کی جاری سرگرمیوں اور آنے والی ترقیاتی سکیموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں ڈی جی ایکسٹینشن نے ڈائریکٹر لائیوسٹاک کے ہمراہ سول ویٹرنری ہسپتال تحصیل و ضلع فیصل آباد کا دورہ کیا اور مختلف سہولیات ایوننگ شفٹ، پیٹ کیئر سینٹراور ڈویژنل ڈیزیز ڈائیگناسٹک لیبارٹری کا معائنہ کیا۔