ٹوبہ :پہلی بار اساتذہ کیلئے محکمہ تعلیم کی جانب سے سپورٹس گالا
ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار )پنجاب میں پہلی بار اساتذہ کیلئے محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے ٹیچرز سپورٹس گالا کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔
ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی عقیلہ انتخاب کی قیادت میں سپورٹس گالا کا آغاز کیا گیا ہے ، گزشتہ روز تحصیل سطح کے مقابلے منعقد ہو رہے ہیں جبکہ 21 اپریل کو ضلع سطح کے فائنل مقابلے ہوں گے ،سپورٹس گالا میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، کرکٹ، رسہ کشی اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے شامل ہیں، جن میں ضلع بھر سے اساتذہ بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔سی ای او ایجوکیشن عقیلہ انتخاب نے اس موقع پر کہا کہ اساتذہ کیلئے سپورٹس ایونٹ کا انعقاد ایک خوش آئند قدم ہے ، اس سے نہ صرف ان کی جسمانی و ذہنی صحت میں بہتری آئے گی بلکہ ٹیم ورک، برداشت اور مثبت رجحانات کو بھی فروغ ملے گا۔اساتذہ کی جانب سے اس سپورٹس گالا کو تعلیم کے شعبے میں ایک مثبت اور خوشگوار پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔