انسداد پولیو مہم :ڈپٹی کمشنر جھنگ کی زیر صدارت ایوننگ میٹنگ
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے انسداد پولیو مہم کے تیسرے روز کی ایوننگ میٹنگ میں انسداد پولیو مہم کے ٹارگٹ اوراعداد وشمار کا جائزہ لیا۔۔۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ تین روز میں ٹیموں نے 5 لاکھ 35 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے ۔ ڈپٹی کمشنرنے مہم کی کوریج اور کامیابی پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے ہیلتھ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں تک رسائی حاصل کرکے انہیں ضرور پولیو ویکسین پلائیں تاکہ مقررہ اہداف حاصل کئے جا سکیں اور کیچ اپ ڈیز کی کوریج میں زیادہ سے زیادہ کامیابی حاصل ہو،ضلع کو پولیومرض سے پاک رکھنے کیلئے محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں نے اہم کردارادا کیا ہے ہمیں آئندہ بھی اسی قومی جذبہ کے تحت اپنی تمام سرگومیوں کو بروئے کار لا کر اپنے اہداف کو سو فیصد حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کے بہتر اور صحت مند مستقبل کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں ، کیچ اپ ڈیز کے دوران کسی بھی وجہ سے رہ جانے والے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو قریبی ہیلتھ سنٹر سے پولیو ویکسین ضرور پلوائیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ہیلتھ افسران مہم کے آخری یوم تک سو فیصد نتائج حاصل کرنے کے حوالہ سے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور محکمانہ سروسز کو بہتر سے بہتر ین بنانے کیلئے ضلع کے ہر کونے تک رسائی حاصل کرکے بچوں کو پولیو قطرے ضرور پلائیں جائیں جبکہ اس تناظر میں متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے کوآرڈی نیشن کومزید موثر اور فعال بنائیں۔