پیرمحل :مین رجانہ روڈ پر موٹرسائیکل پارکنگ وبال جان بن گئی

پیرمحل(نمائندہ دنیا )مین رجانہ روڈ پیرمحل کارپٹ ون وے پر بنکوں اور دکانوں کے سامنے موٹرسائیکل پارکنگ وبال جان بن گئی۔۔
کسی بھی وقت بڑاسانحہ ہونے کا خدشہ،شہریوں کا بنکوں اور ہوٹلز کے سامنے پارکنگ کیلئے جگہ مختص کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق پیر محل میں رجانہ روڈ دوریہ کارپٹ سڑک 22کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی تھی جس کے دونوں اطراف کئی بنک ، ہوٹلز اور دکانیں موجود ہیں، بنکوں میں آنے جانے والے افراد اپنے موٹرسائیکل اور کاریں سڑک کے دونوں اطراف کھڑی کرکے بنک کے اندر چلے جاتے ہیں جس سے دونوں اطراف رجانہ روڈ مکمل بلاک ہو جاتی ہے اوراس وجہ سے آئے روز حادثات معمول بن چکے ہیں، ون وے روڈ پر موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کی وجہ سے سے گزرنا بھی محال ہو چکاہے ،جگہ جگہ روڈبلاک ہونے کے باوجود میونسپل کمیٹی پیرمحل اور ٹریفک پولیس کوئی بھی کارروائی کرنے سے گریزاں ہے ۔ سماجی و فلاحی تنظیموں نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ، اے سی پیرمحل سے مطالبہ کیا ہے کہ رجانہ روڈ اللہ چوک سے غوثیہ چوک تک ٹریفک حادثات سے بچنے کیلئے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو روڈپر پارک نہ کر نے دیا جائے ، غیر قانونی پارکنگ اور کرسیاں لگاکر روڈ بلاک کرنے والوں کا سامان ضبط کرکے ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔