ایف ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن مکمل کرنے کا حکم

 ایف ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن مکمل کرنے کا حکم

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے بقایا کام کو بلاتاخیر مکمل کرنے کا حکم دیاہے اور کہا ہے کہ۔۔۔

 اس سلسلے میں کوئی خلا یا کمی نہیں ہونی چاہیے ، ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن کے بقایا کام کی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے ایک اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی عبد اللہ نور، ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل محسن بشیر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئی ٹی عثمان رامے ، پراجیکٹ ڈائریکٹر ہاریزن قسیم علوی و دیگر افسران موجود تھے ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے ایف ڈی اے سٹی کی جائیدادوں کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اسٹیٹ مینجمنٹ سے متعلق بقایا ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن میں حائل تمام رکاوٹوں کو فی الفور دور کریں تاکہ سروس ڈیلیوری میں جدید اصلاحات پر کماحقہ عملدرآمد کے مشن کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کی بدولت ای چالان سسٹم سمیت اونرشپ سرٹیفکیٹ کے رئیل ٹائم اجراء ودیگر سروسز کوجدت سے ہمکنار کیا گیا ہے جس سے تیز رفتار ریلیف کی فراہمی اور دفتری امور میں مزید شفافیت کے اہم مقاصد حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے پراپرٹی مینجمنٹ سسٹم، آن لائن ریکوری، لیگل سیکشن، ٹاؤن پلاننگ کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن اور بائیو میٹرک سسٹم کو نادرا سے منسلک کرنے کے اقدامات کی جانچ پڑتال کی اور کہا کہ جدید اصلاحات پر عملدرآمد کے اقدامات میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اربن لینڈ سسٹم انہاسمنٹ (پلس)کے تحت جاری منصوبے کی تکمیل میں بھرپور معاونت کریں اور ضرورت طلب ریکارڈ کی فراہمی میں غفلت نہیں ہونی چاہئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں