فیصل آباد:مبینہ مقابلہ،شاہ گینگ کا ایک اور شوٹر مارا گیا
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)سی سی ڈی کا مبینہ مقابلہ، بدنام زمانہ شاہ گینگ کا ایک اور ریکارڈ یافتہ شوٹر مارا گیا،دو طرفہ فائرنگ میں کانسٹیبل بھی زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر فیصل آباد کے علاقے میں پنجاب پولیس کے ذیلی ادارے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی )کی ٹیم زیر حراست شاہ گینگ کے ریکارڈ یافتہ اور انتہائی خطرناک ملزم عمران عرف مانی کو ریکوری کیلئے لے جارہی تھی کہ چکنمبر 78گ ب کے قریب ملزم کے ساتھیوں نے اسے چھڑوانے کیلئے سی سی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی ، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں عمران عرف مانی موقع پر دم توڑ گیا جبکہ کانسٹیبل فیصل زخمی ہوگیا،پولیس نے زخمی کانسٹیبل کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم پولیس کودہشت گردی، قتل، اقدام قتل، ڈکیتی سمیت دیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے فرار ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے ۔