ڈی جی ایف ڈی اے کا ریکوری مہم کونتیجہ خیز بنانے کا حکم
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ادارہ کے مالی استحکام کے لئے دیرپا پائیدار بزنس ماڈلز تیار کرنے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ۔۔۔
ایف ڈی اے کی دستیاب جائیدادوں کو منافع بخش منصوبوں کے لئے بروئے کار لانے سے متعلق موثر لائحہ عمل اختیار کریں۔ وہ ایک اجلاس کے دوران واجبات کی وصولی کے اہداف پر عملدرآمد اور مالیات کی موجودہ صورت حال کاجائزہ لے رہے تھے ۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عاصم محمود، ڈپٹی ڈائریکٹر انجینئرنگ طلحہ تبسم و دیگرافسران اجلاس میں موجود تھے ۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ شہر میں ایف ڈی اے کے مللکیتی قیمتی پلاٹس کو فائدہ مند منصوبوں کے لئے استعمال کرنے کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کریں تاکہ ادارہ کے مالی استحکام کے لئے مستقبل آمدنی کا بندوبست ہو سکے ۔ انہوں نے ریکوری مہم کونتیجہ خیز بنانے کا حکم بھی دیا اور کہا کہ دیرینہ نادہندگان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کرکے واجبات کی سو فیصد وصولی کو یقینی بنائیں۔