فیسکو افسروں کی غفلت،بجلی کی مین لائنیں زمین بوس
بچیانہ( نمائندہ دنیا )فیسکو افسروں کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث بجلی کی مین لائنیں زمین بوس ہوگئیں۔ کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے ۔
نواحی چک نمبر658گ ب بچیانہ بچیکی روڈ کے قریب 11KVمین لائن کے کھمبے حالیہ بارشوں سے ٹیڑھے ہوکر زمین پر گرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں اور مین لائن کی ہیوی وولٹیج کی تاریں زمین کے بالکل قریب سے گذررہی ہیں جو کسی بھی وقت بٹے حادثے کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے ۔ اہلیان علاقہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے بتایا کہ متعدد مرتبہ SDOفیسکو جڑانوالہ اور ایکسین جڑانوالہ کو ان کھمبوں کی بابت بتایا لیکن کوئی شنوائی نہ ہوسکی ۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی نواحی گاؤں چک نمبر642گ ب مانہ ٹبہ میں چچا بھتیجی انتہائی نیچے لٹکتی مین تاروں سے چھو کر کرنٹ لگنے سے جھلس کر شدید زخمی ہوگئے تھے لیکن اسکے باوجود فیسکو افسروں کے سر جوں تک نہ رینگی اور اس گاؤں کی طرح چک نمبر658گ ب کی اراضی میں بھی مین لائن کے کھمبے زمین بوس ہیں اور بجلی چل رہی ہے لیکن ان کھمبوں کو سیدھا کھڑا کرنے کیلئے ابھی تک کوئی اقدام نہ اٹھایا گیا ۔ اہلیان علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیڑھے اور گرے ہوئے تمام کھمبوں کو سیدھا کرکے تاریں اونچی گزاری جائیں تاکہ کوئی بڑا حادثہ رونما نہ ہو سکے ۔