باغِ جناح فیصل آباد میں گرینڈ لیزر لائٹ شو ، ملی نغمے پیش
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)جشنِ آزادی اور معرکۂ حق تقریبات کے سلسلے میں باغِ جناح فیصل آباد میں گرینڈ لیزر لائٹ شو کا شاندار انعقاد کیا گیا،
جس میں قومی پرچم کے رنگ، تاریخی لمحات اور معرکۂ حق کی جدوجہد کو روشنیوں اور ملی نغموں کے حسین امتزاج کے ساتھ پیش کیا گیا۔ لیزر شو نے شرکا کو مسحور کر دیا اور شہری بڑی تعداد میں اہلِ خانہ کے ہمراہ اس دلکش تقریب سے محظوظ ہوئے ۔ خواتین اور بچوں نے بھی اس منفرد لیزر ڈسپلے سے بھرپور لطف اٹھایا، جبکہ شہریوں نے مناظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کیا۔تقریب میں میجر جنرل ابوبکر شہباز (جی او سی گوجرانوالہ)، ریجنل پولیس آفیسر ذیشان اصغر اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے خصوصی شرکت کی۔ریجنل پولیس آفیسر ذیشان اصغر نے کہا کہ نفرتوں کو ختم کرکے محبتیں بانٹنی ہوں گی۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ ملکی ترقی کے لیے اپنی تعلیم پر بھرپور توجہ دیں اور تنقید، تردید اور اعتراض سے نکل کر ایمانداری سے اپنا کام کریں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور ترقی کیلئے ہم ہمیشہ تیار ہیں۔ جشنِ آزادی اور معرکۂ حق نیشنل یونٹی کا پیغام ہے ۔