جرائم کی روک تھام کیلئے خصوصی ناکے ، پٹرولنگ
فیصل آباد (عبدالباسط سے )ڈکیتی، چوری، رہزنی، اغواء برائے تاوان اور بھتہ خوری سمیت دیگر سنگین جرائم کی روک تھام اور ان میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے فیصل آباد پولیس نے ناکہ بندی اور پٹرولنگ کے حوالے سے خصوصی حکمت عملی اختیار کر لی ہے۔
ضلع بھر کے ہاٹ سپاٹ ایریاز، مین شاہراہوں، چوک چوراہوں اور دیگر اہم مقامات پر ناکہ بندی کے دوران پولیس ای پوسٹ اور بائیو میٹرک ڈیوائسز کے ذریعے مشکوک افراد کی چیکنگ کی جا رہی ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جا سکے ۔فیصل آباد میں بڑھتے ہوئے جرائم پر قابو پانے اور شہریوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنے کیلئے سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کی نگرانی میں ایک جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے ۔ اس پلان کے تحت پولیس ٹیمیں نہ صرف معمول کی پٹرولنگ کریں گی بلکہ مختلف اوقات میں اچانک اور سرپرائز ناکہ بندی بھی کی جائے گی تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی ممکن ہو سکے ۔پولیس اہلکار ناکہ بندی پوائنٹس پر شہریوں اور گاڑیوں کا ریکارڈ ای پوسٹ اور بائیو میٹرک ڈیوائسز کے ذریعے چیک کرتے ہیں۔ کسی بھی قسم کا کرمنل ریکارڈ سامنے آنے کی صورت میں ملز موں کو موقع پر گرفتار کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔ اس حکمت عملی کے تحت جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد پولیس کی اس خصوصی حکمت عملی کے باعث حالیہ دنوں میں ڈکیتی، چوری اور دیگر سنگین وارداتوں میں کمی دیکھنے میں آئی ہے جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر کا کہنا ہے کہ \\\"جرائم کے خاتمے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں، قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا فیصل آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔