ٹو بہ :نہر لوئر جھنگ برانچ میں شگاف ،کئی ایکڑ فصلیں زیر آب
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) نہر لوئر جھنگ برانچ میں چک 385 ج ب سلہریاں کے قریب پڑنے والے شگاف کے باعث کئی ایکڑ فصلیں زیر آب آ گئیں، جس سے متاثرہ کسانوں اور دیہات میں رہائشیوں میں شدید بے چینی پیدا ہو گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق تیز بہاؤ کے باعث گندم، چارہ اور دیگر فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں جبکہ شگاف 30 فٹ تک چوڑا ہو چکا ہے ۔
اگرچہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں، مگر نقصان کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ۔۔۔ محکمہ انہار کی جانب سے نہروں کے پشتوں کی بروقت مرمت اور مضبوطی نہ کیے جانے کے باعث اکثر مقامات پر شگاف پڑتے رہتے ہیں، جس کا نقصان براہ راست کسانوں اور دیہاتیوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے ۔متاثرین نے مطالبہ کیا ہے کہ نقصانات کا فوری ازالہ کیا جائے اور نہری پشتوں کو مستقل بنیادوں پر مضبوط بنایا جائے تاکہ ہر سال بار بار ہونے والے اس نقصان سے چھٹکارا مل سکے ۔ انہوں نے حکومت اور محکمہ انہار سے اپیل کی ہے کہ شگاف کی مرمت کے ساتھ زرعی نقصانات کا تخمینہ لگا کر معاوضہ بھی جلد ادا کیا جائے ۔