ڈویژنل کمشنر کا دورہ چنیوٹ، انتظامات کا جائزہ، ہدایات جاری
ڈی ایچ کیو ہسپتال، قائداعظم پارک اور ماڈل ریڑھی بازار کا معائنہ بھی کیاشہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی میں رکاوٹ برداشت نہیں :راجہ جہانگیر
فیصل آباد،چنیوٹ (خصوصی رپورٹر،سٹی رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایات پر کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کا تحصیلوں کے دوروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے ضلع چنیوٹ کا دورہ کیا اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا فالو اپ وزٹ کیا۔کمشنر نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ای سی جی، ایم آر آئی، ایکسرے سمیت دیگر مشینوں کے فعال ہونے کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ صفائی کے معیار میں گزشتہ وزٹ کی نسبت بہتری آئی ہے، جس کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔
انہوں نے ہسپتال کے ویٹنگ ایریا میں 10 دن کے اندر لواحقین کے بیٹھنے کیلئے بہترین انتظامات کی ہدایت کی اور کہا کہ موسم سرما کو مدنظر رکھ کر سہولیات فراہم کی جائیں۔ ڈویژنل کمشنر نے ڈاگ بائٹ کیسز میں وارننگ کے باوجود اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور لوکل گورنمنٹ کے افسران کی سرزنش کرتے ہوئے دو ہفتوں بعد دوبارہ دورے کا عندیہ دیا۔راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ ہسپتالوں کو شکایت فری بنانا اولین ترجیح ہے۔ بعد ازاں کمشنر نے سرگودھا روڈ پر ماڈل ریڑھی بازار کا معائنہ کیا۔
نرخناموں کی موجودگی اور ان کے مطابق اشیائے ضروریہ کی فروخت کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود خریداروں سے معیار اور قیمتوں بارے دریافت کیا۔کمشنر نے مرکزی قبرستان میں صفائی کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا جبکہ قائداعظم پارک کا دورہ کرتے ہوئے تفریحی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کیلئے پارکس حقیقی معنوں میں تفریح گاہ ہونے چاہئیں۔ڈویژنل کمشنر نے سٹریٹ لائٹس سو فیصد فعال رکھنے ، سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کیلئے ہدایات جاری کیں اور واضح کیا کہ شہریوں کو میونسپل سروسز کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔